انڈر 19 ون ڈے ،طلحہ کی شاندار اننگز نے سندھ کو فتح دلادی

48

لاہور(نمائندہ خصوصی) نیشنل انڈر19 ون ڈے چیمپئن شپ کے پہلے روز سنٹرل پنجاب، سندھ اور ناردرن کی انڈر19 ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب نے کپتان محمد حریرہ کے 46 اور عمر ایمان کے 40 رنز کی بدولت سدرن پنجاب کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سنٹرل پنجاب نے 211 رنز کا ہدف 39ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔محمد علی اور عون شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے کپتان محمد شہزاد کے 70 اور مبشرعلی کے ناٹ آؤٹ 54رنز کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔سنٹرل پنجاب کے سعید علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں عدیل میو کے 20 رنز کے عوض 6 وکٹوں پر مشتمل شاندار باؤلنگ اسپیل کی بدولت سندھ نے بلوچستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔بلوچستان کی پوری ٹیم 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان محمد ابراہیم سینئر 41 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جواب میں طلحٰہ احسان نے ناقابل شکست 34 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔سندھ نے مطلوبہ ہدف 33.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔حکمت اللہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔مریدکے کنٹری کلب میں کھیلے گئے میچ میں مبصر خان کی آلراؤنڈ کارکردگی کی بدولت ناردرن نیخیبرپختونخوا کو 66 رنز سے ہرادیا۔ انہوں نے 46 رنز کی اننگزکھیلنے کے بعد 15 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ 211 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 144 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل حسن عابد کیانی اور عبدالفصیح کے بالترتیب 60 اور 57 رنز کی بدولت ناردرن نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے