کنٹونمنٹ بورڈکلفٹن: چائے خانوں میں منشیات کی فروخت کی شکایات

198

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سی بی سی نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں قائم چائے خانوں میں منشیات کی فروخت کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ہوٹلوں کو ضابطہ اخلاق کا پابند بنانے کا حکم دیدیا ہے ۔نئے قوانین کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور رات 12 بجے تمام چائے خانے بند کرنے ہوں گے۔

ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں قائم چائے خانوں میں منشیات کی فروخت کی شکایات پر کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے مرکزی دفتر میں صدر سی بی سی اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عابد علی عسکری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں سی بی سی ایگزیکٹو آفیسر محمد سلیم حسن وٹو، ڈی ایچ اے کرنل خالد، ایس پی کلفٹن عمران مرزا، اینٹی نارکوٹکس فورس اورچائے خانہ مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

سی بی سی اجلاس میں چائے خانوں کیلئے جو ضابطہ اخلاق وضع کیا گیا اس کے نکات ذیل میں درج ہیں۔چائے خانوں میں منشیات کی روک تھام پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔چائے خانے اپنے ملازمین کا پولیس اسٹیشن میں اندراج کروائیں گے۔

چانوں خانوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔چائے خانہ مالکان ایک کمیٹی تشکیل دینگے اور ایک نمائندہ نامزد کریں گے۔

فٹ پاتھوں اور روڈ پر ٹیبل و کرسیاں نہیں لگائی جائیں گی۔رات ساڑھے 11 بجے کے بعد کسی صارف کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ رات 12 بجے چائے خانے بند کردیے جائیں گے۔پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

صدر کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے کہا ہے کہ چائے خانوں میں منشیات کی خرید وفروخت کی شکایات موصول ہورہی ہے، مالکان جلد از جلد ایک کمیٹی بنائیں اور اپنا نمائندہ نامزد کریں جو چائے خانوں میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کے بارے میں پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کو فی الفور آگاہی فراہم کریں، کسی کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

صدر سی بی سی نے کہا کہ ملازمین اور مالکان اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے صارفین کو اس بات کی تلقین کریں گے کہ وہ ہوٹل اور اس کے اردگرد کچرا نہ پھیلائے اور ملازمین کچرے کو مناسب جگہوں پر ٹھکانے لگائیں۔

اجلاس میں ڈی ایچ اے میں گداگروں کی بڑھتی تعداد بھی زیر بحث آئی جس پر طے کیا گیا کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں بڑھتے گداگروں کیخلاف سی بی سی انفورسمنٹ اور ڈی ایچ اے ویجلنس کے تعاون سے سندھ پولیس کارروائی عمل میں لائے گی۔