مصباح کا استعفیٰ کھلے دل سے قبول کیا ہے،وسیم خان

50

لاہور (جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی مصباح الحق کی چیف سلیکٹر کے عہدے سے دستبرداری کا فیصلہ کھلے دل سے قبول کرتا ہے، جب ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کی تقرری کررہے تھے تو ہم ان حالات میں یہ چاہتے تھے کہ وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سنبھالیں۔مصباح الحق کے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ 24 ماہ میں 3بڑے ایونٹس میں شرکت کرنا ہے جس میں 2 ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 شامل ہیں۔ اس دوران پاکستان کو 10 ایف ٹی پی سیریزبھی کھیلنی ہیں جن میں جنوبی افریقا، زمبابوے،انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، بنگلا دیش، آسٹریلیا اور سری لنکا کے خلاف سیریز شامل ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران مصباح الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کے لیے ا سکواڈ کے انتخاب کی غرض سے دیگر سلیکٹرز کے ساتھ بہت مشاورت کی ۔ اسکواڈ کے انتخاب کا یہ عمل اب مکمل ہونے والا ہے لہٰذا ہمیں نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کے لیے یکم دسمبر تک کا وقت مل گیا ہے۔