آئی سی سی چیئرمین کی پوزیشن کے لیے امیدواروں نے نظریں جمالیں

55

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیئرمین کیلیے کئی امیدوار میدان میں اترنے کو تیار ہیں جب کہ ویسٹ انڈین ڈیو کیمرون پہلے ہی عالمی کرکٹ میں تبدیلی لانے کا منشور دے چکے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے گذشتہ دنوں نئے چیئرمین کے انتخاب کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے پہلے مرحلے میں 18 اکتوبر تک خواہشمند امیدواروں کو نامزدگی بھیجنی ہے، مگر وہ صرف اسی صورت میں ہی الیکشن میں حصہ لینے کے اہل ہوں گے جب خود آئی سی سی کے موجودہ یا سابق ڈائریکٹر ہوں اور انھیں کسی دوسرے بورڈ کی بھی تائید حاصل ہو، ایک سے زائد امیدوار میدان میں اترنے کی صورت میں الیکشن ہوں گے،دسمبر کے اوائل میں یہ عمل مکمل ہونا ہے۔دنیائے کرکٹ کی اہم پوزیشن پر اس وقت کئی امیدوار نظریں جمائے بیٹھے ہیں جن میں ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کے سابق صدر ڈیو کیمرون نہ صرف الیکشن میں حصہ لینے کا پہلے ہی اعلان کرچکے ہیں بلکہ انہوں نے دنیائے کرکٹ میں تبدیلی کا منشور بھی پیش کر دیا ہے،مگر ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ انھیں اپنا کیریبیئن بورڈ بھی سپورٹ کرتا ہے یا نہیں، وہ اس وقت اپنی نامزدگی کیلیے کم سے کم 2 بورڈز کی حمایت ڈھونڈ رہے ہیں۔اسی طرح کرکٹ آسٹریلیا کے سابق چیئرمین ڈیوڈ پیویر، انگلینڈ کے کولن گریویس اور نیوزی لینڈ کے گریگ برکلے بھی دلچسپی کا اظہار کرنے والے امیدواروں میں شامل ہیں۔