مصباح الحق 30 نومبر کو چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑدیں گے

88

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا تا ہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی ہدایت پر 30نومبر تک بطور چیف سلیکٹر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے جبکہ یکم دسمبر کو نیا چیف سلیکٹر مقرر ہو گا۔نئے چیف سلیکٹر کا پہلا امتحان جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کیلئے قو می کرکٹ ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ مصباح الحق کے پاس2 عہدے تھے جن میں سے انہوں نے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ کر ہیڈ کوچ کے عہدے پر اپنے فرائض جاری رکھنے کافیصلہ کیا ۔مصباح الحق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی سوچ و بچار کے بعد چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پی سی بی کی ہدایت پر وہ 30نومبر تک چیف سلیکٹر کی ذمہ داری نبھاتے رہیں گے اور اس کے بعد چیف سلیکٹر کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے اور آئندہ اپنی تمام تر توجہ کوچنگ پر مرکوز کریں گے۔انہوں نے کہاکہ میرا عہدہ چھوڑنے سے متعلق مختلف باتیں کی جارہی ہیں لیکن عہدہ چھوڑنے کا یہ فیصلہ قطعی طور پر میرا ذاتی ہے۔مصباح الحق نے کہا کہ انہوں نے دونوں عہدوں کی ذمہ داری کو خوب انجوائے کیا تاہم گزشتہ ایک سال کاجائزہ لینے اور آئندہ2 سال میں متوقع ورک لوڈ کو دیکھتے ہوئے میں یہی مناسب سمجھتاہوںکہ میں اپنی تمام تر توانائیاں اور توجہ اب صرف ایک عہدے پر ہی سرف کرئوں گا۔انہوں نے کہا کہ کوچنگ ان کا جنون ہے اور ان کا حقیقی مقصد بھی کھلاڑیوں کی ترقی اور ٹیم کی کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈالنا ہے، گزشتہ سال تقرری کے وقت مجھے پہلے کوچنگ اور بعد میں سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کا عہدہ دیا گیا جسے احسن انداز میں نبھانے کی ہر ممکن کوشش کی۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ پی سی بی کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے میرے نظریے اور سوچ کی حمایت کی۔