سندھ نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی

90

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)22 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چھکوں کی برسات کرکے سندھ کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔ سندھ نے ناردرن کو25 رنزسے ہراکر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔222 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم مقررہ20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر196 رنز ہی بناسکی۔ ذیشان ملک اور عمرامین بالترتیب 61 اور 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے ناردرن کو 116 رنز کا ابتدائی آغاز فراہم کیا تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی ناردرن کی بیٹنگ لائن اپ لڑکھڑا گئی اوران کے بیٹسمین یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوکرپویلین واپس لوٹتے رہے۔ سندھ کے محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو67 رنز پرسندھ کی ابتدائی 3 وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ وہ 43گیندوں پر 8 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے88 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔انہوں نے کپتان سرفراز احمد کے ہمراہ چوتھی وکٹ کے لیے 130 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 200 کے پار لگانے میں مدد کی۔ سرفراز احمدنے 28 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سندھ نے مقررہ20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے۔ناردرن کے محمد عامر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔