نیشنل ٹی ٹوئنٹی، حیدر علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ناردرن نے بلوچستان کوشکست دے دی

202

راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے 27ویں میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نےحیدر علی کے 86 رنزکی بدولت بلوچستان کو39 رنز سے ہرادیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو نوجوان حیدر علی اور علی عمران  نےدفاعی چیمپئن کو 92 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا، دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے، حیدر علی نے 50 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے، علی عمران 22 گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،

آل راؤنڈر شاداب خان کے27 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ عماد بٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 200 رنز کے تعاقب میں بلوچستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز ہی بناسکی،امام الحق 35 اور اویس ضیاء  34 رنز بناکرنمایاں رہے۔دونوں بلے بازوں نے ٹیم کو 69 رنز کا آغاز فراہم کیاتاہم دونوں کھلاڑیوں کے  پویلین واپس لوٹتے ہی بلوچستان کا مڈل آرڈر مکمل طور پر فلاپ ہوگیا۔

حارث سہیل 28، بسم اللہ خان صفر، عبدالواحد 12، عماد بٹ 8، اکبر الرحمٰن 15 اور خرم شہزاد 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،ناردرن کے شاداب خان اور محمد اسماعیل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں شاندار 86 رنز کی اننگز کھیلنے پر حیدر علی کومین آف دی میچ قرار دیا گیا۔