نوجوان بیٹسمین اعظم خان کا اپنی کامیابیوں سے والد معین خان کاسر فخرسے بلند کرنے کا عزم

59

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گزشتہ روز ناردرن کے خلاف میچ میں یہ اعظم خان کی جانب سے چھکوں کی برسات ہی تھی جس نے سندھ کی سیمی فائنل میں رسائی کو یقینی بنایا۔ 22سالہ بیٹسمین نے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں ملتان اور پھر راولپنڈی کے میدان میں دلکش اسٹروکس کھیلے۔وہ اپنی پاور ہٹنگ صلاحیتوں کی بدولت شائقین کرکٹ کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔دفاعی چیمپئن ناردرن کے خلاف کھیلے گئے گزشتہ میچ میں اعظم خان کی 43 گیندوں پر 88 رنز کی دھواں د ھار اننگز کی بدولت سندھ نے 25 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی سندھ کی ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی تیسری ٹیم بن گئی۔اعظم خان اب تک قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں 19 چھکے لگاچکے ہیں۔ انہوں نے ناردرن کے خلاف پہلے لیگ میچ میں 55 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔اعظم خان کا کہنا ہے کہ چھکے لگانے کی یہ عادت انہوں نے کراچی کی گلیوں میں ٹیپ بال کرکٹ کھیل کراپنائی جبکہ گھر میں معین خان اور ندیم خان جیسے نامور کھلاڑیوں کی موجودگی نے بھی اس ہنر کو نکھارنے میں ان کی بہت مدد کی۔ اعظم خان نے کراچی میں ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلے گئے ایک کلب کرکٹ میچ 29 چھکے لگا کر شہرت حاصل کی تھی۔ان کا کہنا ہے کہ والد معین خان کا نام روشن کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔