قومی انڈر19 ون ڈے چیمپئن شپ، عدیل اور عالیان نے سندھ کو سرخرو کردیا

54

لاہور(نمائندہ خصوصی) قومی انڈر19 ون ڈے چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں سندھ، بلوچستان اورناردرن کی انڈر19 ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میںعدیل میو کی مسلسل دوسرے میچ میں عمدہ کارکردگی اور عالیان محمود کی بہترین بولنگ نے دفاعی چیمپئن سندھ کو ایونٹ میں دوسری کامیابی دلادی۔ 205 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم محض 166 رنز ہی بناسکی۔ عالیان محمود نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ا س سے قبل محض 67 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹنے پر عدیل میو نے نصف سنچری اسکورکرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔عدیل میو کے 54 رنز کی بدولت سندھ نے 48.1 اوورز میں 204 رنزبنائے۔اظہار احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔عالیان محمود کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں فاسٹ بولر اورنگزیب کی شاندار بولنگ کی بدولت بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔بلوچستان انڈر19 ٹیم نے 169 رنز کا ہدف 38.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر حسیب اللہ 46 رنز بناکر ٹاپ اسکور ررہے۔فیصل اکرم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔