ایکدوسرے کو چور کہنے والے بھائی بھائی کیسے بن گئے؟ شوکت یوسفزئی

46

پشاور (اے پی پی) صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن حکومت گرانے کی بات کر رہی ہے، پہلے قوم کو تو بتائیں کہ ایکد وسرے کو چور کہنے والے بھائی بھائی کیسے بن گئے؟ مولانا فضل الرحمان کی خوش قسمتی ہے کہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس کوئی لیڈر شپ ہی نہیں۔ ایسے میں ان کی لاٹری نکلی ہے۔ اچھے اچھے کھانوں کے مزے لیں۔ حکومت گرانے کی باتوں سے ان کا ہاضمہ خراب ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گوجرانوالہ میں اپوزیشن پورے پاکستان سے لوگوں کو اکٹھا کرکے لائی مگر خیبر پختونخوا سے کوئی بڑا جلوس نہیں گیا، عوام نے پی ڈی ایم کے اچار کو مسترد کردیا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام نے ہمیشہ عمران خان پر اعتماد کیا ہے، بلاول کہتے ہیں عوام کا سیلاب اسلام آباد لے کر جائیں گے، کیا کراچی ڈوب جانے سے کلیجہ ٹھنڈا نہیں ہوا؟ مریم کہتی ہیں حکومت کو گھر بھیج کر دکھائیں گے، اتنی ہمت اور طاقت ہے تو پہلے اپنے پاپا کو تو لندن سے لاؤ، حکومت گرانا بچوں کا کھیل نہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جلسوں سے کرپشن نہیں چھپائی جا سکتی، یہ کرپٹ ٹولہ ہے جن کا مقصد مہنگائی نہیں اداروں کو ٹارگٹ کرنا ہے، قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موروثی سیاست نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لا کھڑا کیا۔ آج مولانا فضل الرحمان صاحب اور زرداری صاحب کا بیٹا اور نواز شریف کی بیٹی خاندانی سیاست کا حصہ ہیں۔