مسائل کے حل کیلیے اپوزیشن کو پارلیمنٹ کیساتھ چلنا ہوگا، اسد قیصر

51

صوابی (آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجود حالات سیاسی افراتفری کے متحمل نہیں ہو سکتے، اپوزیشن جماعتوں کو ملکی مسائل کے حل کیلیے پارلیمنٹ کے ساتھ چلنا ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، عمران خان نے مافیا پر ہاتھ ڈالا تو انہوں نے ملک میں چیزوں کا مصنوعی بحران پیدا کردیا، آٹے اور چینی کے بحران کو ختم کرنے کیلیے حکومت خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے، اپوزیشن کو پہلے ماضی کا حساب دینا ہوگا پھر موجود حکومت سے 5 سال پورے ہونے پر حساب مانگنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع صوابی کوٹھا میں کالج آف مینجمنٹ سائینسز برائے خواتین کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کالج کے قیام سے ضلع صوابی کے عوام کو مقامی سطح پر تعلیم کی سہولت میسر ہو گی۔ خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا موجود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ صوابی کی عوام کو تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات سے آراستہ کرنا میں زندگی کا نصب العین سمجھاتا ہوں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو تعلیم اور صحت کی بہترین سہولت فراہم کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔