سیول: ایل جی کمپنی نے اپنی بیوٹی لائن اپ پروڈکٹس میں حال ہی میں ایک اور پروڈکٹ کو شامل کیا ہے جو گنج پن کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس پروڈکٹ کا نام ’میڈی ہیئر‘ ہے جودیکھنے میں ایک عام ہیلمٹ کی طرح ہے لیکن یہ بالوں کو دوباہ اُگانے میں مدد کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق میڈی ہیئر لُو لیول لائٹ تھراپی کی مدد سے بال کو دوبارہ اُگانے کا کام کرے گا جبکہ اس پروڈکٹ کی امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی جانب سے بھی منظوری دے دی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق جنوبی کوریا کے سیول نیشنل یونیورسٹی ہسپتال کے محققین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’میڈی ہیئر‘ پروڈکٹ کو ہفتے میں 3 بار جبکہ مہینے میں 4 دن استعمال کرنے سے بال گھنے ہوجائیں گےکیونکہ میڈیل ہیئر میں 146 لیزر جبکہ 104 ایل ای ڈی لائٹس ہیں جو کے بالوں کی نشوونما کے لیے اسٹیم سیلز (خلیوں) کو ایکٹو کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیق کے مطابق اس پروڈکٹ میں صارفین کے لیے 3 موڈز دستیاب ہوں گے جس میں سے ایک پورے سر کی جلد (اسکیلپ) کے لیے ہے، دوسرا موڈ سر کے سامنے والے حصے کے لیے اور تیسرا موڈ سر کے درمیانی حصے کے لیےکارآمد ہوگا جبکہ کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہےکہ وہ اس ماہ کے آخر میں اس پروڈکٹ کومارکیٹ میں مکمل پیش کریں گے جبکہ اس کی کیا قیمت ہوگی اس بارے میں کمپنی نے ابھی تک نہیں بتایا۔
واضح رہے کمپنی نے تعروفی طورپر100 افراد کو مفت میں میڈی ہیئر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اب تک اس کے کوئی ایسے نقصانات سامنے نہیں آئیں ہیں۔