لاہور: 16 اکتوبر 2020 کو ہونے والے پی ڈی ایم کے پہلے گوجرانولہ جلسے پر لیگی رہنمائوں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا.
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد میں بننے والی پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے 16 اکتوبر 2020 کو گوجرانولہ میں ہونے والے جلسے پر لیگی رہنماؤں کیخلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمہ ساؤنڈ ایکٹ اور سیکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا.
درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بغیر اجازت ٹریفک بلاک کرنے سے شہریوں کو پریشانی ہوئی جبکہ مریم نواز نے ریلی میں حکومتی اجازت کے بغیر گاڑی سے باہر آکر خطاب کیا.
ایف آئی آر کے مطابق خطاب کے دوران حکومت اور ریاستی اداروں کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر کی گئیں، کنٹینرز لگا کر شاہدرہ چوک پر ٹریفک کو بلاک کیا گیا جبکہ ایف آئی آر میں مریم نواز، کیپٹن (ر) صفدر، ملک پرویز، بلال یاسین، سمیع اللہ خان، سیف الملوک کھوکھر، علی پرویز ملک سمیت 2200 نامعلوم افراد بھی شامل ہیں.