پی ٹی آئی کا احتساب چند خاندانوں تک محدودرہ گیا ،جاوید قصوری

116

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری اور سود کے خلاف بھر پور تحریک چلائے گی۔ حکومت کی مایوس کن کارکردگی عوام کے لیے مشکلات میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔ کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے مگر تحریک انصاف کا احتسابی نظام چند خاندانوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔ حکمرانوں کی کرپشن پر نیب سمیت تمام متعلقہ اداروں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں۔ مرگی، کینسر، بلڈ پریشر سمیت ہزاروں ادویات کے نرخوں میں ہوشر با اضافہ قابل مذمت ہے۔ حکمرانوں نے ایک طرف عوام سے روٹی کا آخری نوالہ چھین لیا ہے جبکہ دوسری طرف علاج معالجے کو بھی پہنچ سے دور کررہا ہے۔ حکمرانوں کے شرمناک اقدامات نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ تحریک انصاف کی نام نہاد تبدیلی سے جان چھڑائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم پر مشکل وقت ہے مگر حکمران بے حس اور عوام سے لاتعلق ہوچکے ہیں۔ جن لوگوں نے جھولیاں بھر بھر کر تحریک انصاف کو ووٹ دیے تھے، آج وہی جھولیاں اٹھا اٹھا کر بد دعائیں کررہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان کا دسرا بڑا شہر لاہور ہے۔ کتنی بد نصیبی کی بات ہے کہ اس کے پاس فائر بریگیڈ کی صرف 16گاڑیاں ہیں۔ حکمرانوں کی عدم توجہ اور فنڈ ز کی قلت کے باعث ایم سی ایل کا شعبہ فائربریگیڈ بد انتظامی کا شکار ہے۔ عملے کے پاس وردیاں اور آکسیجن ماسک جیسی سہولیات تک دستیاب نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حفیظ سنٹر پر لگنے والی آگ پر 14گھنٹوں بعد قابو پایا گیا۔ جس کے نتیجے میں لوگوں کا بھاری نقصان ہوا۔