قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے 17ویں ایڈیشن کے نئے ریکارڈ

193

کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا اختتام ہوگیا اور خیبرپختونخوا نے 17ویں ایڈیشن کے فائنل میں سدرن پنجاب کو 10 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔2 وینیوز پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں 33 میچز کھیلے گئے، جہاں اس دوران کئی نئے ریکارڈز بنے۔ ماضی کی نسبت اس ایونٹ میں رن ریٹ سب سے زیادہ رہا، پہلے ملتان اور پھر راولپنڈی میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں مجموعی طور پر 8.93 کا رن ریٹ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ پاکستان میں کھیلے گئے کسی بھی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن ریٹ ہے۔اس سے قبل قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2017 اور 2019 میں سب سے زیادہ 8.34 کا رن ریٹ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ایونٹ میں کھیلے گئے 33 میچوں میں مجموعی طور پر 15 مرتبہ 200 سے زائد رنز بنے۔ایونٹ کے فائنل میں بھی خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بناکر فتح سمیٹی۔اس سے قبل صرف 2010 میں ایڈیشن کے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کسی ٹیم نے 200 سے زائد رنز بنائے تھے۔یہ کارنامہ لاہور لائنز نے کراچی ڈولفنز کے خلاف بنایا تھا۔ انہوں نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے تھے۔ پاکستان میں کھیلے گئے اب تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تمام میچز کا مجموعی رن ریٹ بھی ماضی کی نسبت زیادہ ہے۔ بنگلا دیش سیریز، ایم سی سی، پی ایس ایل اور قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں مجموعی طور پر 8.72 کے رن ریٹ سے ا سکور بنا۔ گزشتہ سال اس فارمیٹ میں پاکستان میں 8.46 کے رن ریٹ سے ا سکور بنا تھا۔اس طرح یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے انعقاد سے کھلاڑیوں کے کھیل میں نکھار پیدا ہوگا او ر مستقبل میں بین الاقوامی ایونٹس میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر چنائو سے وہ دنیائے کرکٹ میں ملک اور اپنا نام روشن کرسکیں گے۔