ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف قوال شیر میاں داد شدید زخمی ہوگئے

251

فیصل آباد: مدینہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے معروف قوال شیر میاں داد اور بیٹا زخمی ہوگئے.

تفصیلات کے مطابق معروف قوال شیر میاں داد گزشتہ روز گٹ والا کے علاقے میں ایک دربار پر قوالی کے پرگرام میں شرکت کے بعد واپس پاک پتن جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے کہ راستے میں 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر قوالی میں جمع ہونے والی رقم اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی.

مزاحمت پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس سے شیر میاں داد کے سینے میں اور بیٹے کے ہاتھ میں گولی لگنے سے دونوں شدید زخمی ہوگئے.

پولیس کا کہنا ہے کہ موقع واردات سے ڈاکو فرار ہوگئے جبکہ شیر میاں داد اور ان کے بیٹے کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ آر پی او نے سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی.

دوسری جانب ڈاکٹرز کے مطابق قوال شیر میاں داد کے جسم سے گولی نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا جبکہ ان کی حالت تشویشناک ہے اور ان کا علاج جاری ہے.