“انکوائری میں مجھے بلایا گیا تو ضرور پیش ہوں گی”

192

لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ انکوائری میں مجھے بلایا گیا تو ضرور پیش ہوں گی.

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے چیئر کراسنگ پر طلبا کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچ طلبہ سے  اسکالر شپس واپس لی گئیں جس پر افسوس ہے، کون سی آفت آئی کہ لے لی گئیں جبکہ سابق وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے طلبہ کو اسکالرشپس دی تھیں.

انہوں نے کہا کہ طلبہ سڑکوں پر ہیں، مارچ کے شرکا کو ان کا حق دیا جائے، کوئٹہ جلسے میں شرکت کروں گی اور بلوچ  طلبہ کے مسئلے پر کل بلوچستان میں آواز اٹھاوَں گی، شہباز شریف کے بغیر پنجاب اور نوازشریف کے بغیر پاکستان لاوارث ہے.

مریم نواز نے کہا کہ حکومتی مشیر اپنی خفت مٹانے کیلئے بیان بازی کر رہے ہیں، ایک ایک چیز سی سی ٹی وی فوٹیج میں موجود ہے، عمران خان کو ڈمی بنا کر عہدے پر بٹھایا ہوا ہے، آج وہ بھی غائب ہیں اور حکومت بنی گالہ میں چھپ کر بیٹھی ہے، ہم انکوائری رپورٹ چھپانے نہیں دیں گے.

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ کمرے پر دھاوا بولنا غیرقانونی ہے، آپ نے چادر چاردیواری پر حملہ کیا، ایک خاتون کے کمرے کا دروازہ توڑ کر داخل ہوئے اور انکوائری میں مجھے بلایا گیا تو ضرور پیش ہوں گی.