پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کراچی منتقل

161

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ فائیو کے بقیہ چار میچز کو  لاہور سے کراچی منتقل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ لاہور میں سموگ کی ممکنہ شدت کی اطلاعات موصول ہونے پر پی سی بی نے کھلاڑیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں شیڈول آئندہ میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کردیا ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹونٹی میچز اب راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچز اب کراچی میں ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ ہم گزشتہ چند ہفتوں سے موسم کی بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے تھے اور جونہی ہمیں لاہور میں آئندہ ماہ سموگ کی شدت میں اضافے کی  معلومات ملیں تو ہم نے کھلاڑیوں کی صحت پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے فوری طور پر ان میچز کو راولپنڈی اور کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کو افسوس ہے کہ لاہور کو مسلسل دوسری مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پلے آف میچز کی میزبانی نہیں مل رہی مگر  ہمارے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی صحت سب سے عزیز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ زمبابوے کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی فرنچائزز نے ہمارے فیصلے کو تسلیم کیا ہے، اس موقع پر ہم وفاقی اور صوبائی ایجنسیز کے تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔