کراچی: عالمگیر وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں سب کو ماسک پہنے پر مجبور کردیا ہے جبکہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ کون سا ماسک کتنی دیر تک لگایا جانا چاہیے؟
تحقیقی جریدے کے مطابق کورونا وبا اور اس سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر میں ماسک انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن مسسلسل ماسک لگانے سے انسانی جسم پر اس کے کیا اثرات پڑتے ہیں اس حوالے سے سول اسپتال کراچی کے سربراہ ڈاکٹر نور محمد سومرو کہتے ہیں کہ سرجیکل، این 95 یا کے این 95 ماسک کو 8 تا 10 گھنٹوں سے زائد استعمال کرنا انسانی صحت کےلیے مضر ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ ڈاکٹر نور محمد سومرو کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے لیے صرف سرجیکل ماسک کا استعمال ہی کافی ہے جبکہ کوشش کریں کہ اگر کسی جگہ پر اکیلے ہوں تو ماسک کو اتار لیں تاکہ آپ کے جسم میں تازہ آکسیجن کی فراہمی ممکن ہوسکے اور سانس لینے کی دشواری پیش نہ آئے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں کے مطابق لوگوں کو دستانے پہننے کی خاص ضرورت نہیں البتہ ہینڈ سینٹائزر کا استعمال ضروری ہے تاکہ ہاتھوں میں موجود جراثم کاخاتمہ ہوسکے۔
خیال رہے کورونا کی وجہ سے تمام لوگوں کو اس وبا سے محفوظ رہنے کے لیے ماسک کے استعمال کی بار بار تاقید کی جارہی ہے لیکن یاد رہے کہ ماسک کا استعمال بھی احتیاط سے کریں کیونکہ تازہ آکسیجن بھی جسم کے لیے بے حد ضروری ہے۔
واضح رہے طبی ماہرین برائے عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھاکہ 2 سال سے کم عمر کے بچے چہرے پر ماسک نہ پہنیں، ایسا کرنے سے سانس لینے میں دشواری اور دم گھٹنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا تھا کہ بچوں کی سانس والی نالی زیادہ کشادہ نہیں ہوتی اور ماسک کے استعمال سے ان کے دل پر دباؤ بڑھتا ہے۔