جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران لاپتہ

226

جیو نیوز کے سینیر رپورٹر علی عمران لاپتہ ہوگئے.

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود سے جیو نیوز کے سینیر رپوٹر علی عمران گزشتہ شام سے لاپتہ ہوگئے ہیں،علی عمران سید کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ گھر سے کہہ کر گئے تھے کہ آدھے گھنٹے میں آرہا ہوں لیکن 15 گھنٹوں سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن علی عمران سید کا کچھ پتا نہیں ہے.

علی عمران سید کے بھائی طالب رضوی کے مطابق علی عمران گزشتہ رات 7 سے 8 گھر سے نکلے تھے مگر کافی دیر کے بعد بھی جب وہ گھر نہیں پہنچے تو تلاش شروع کردی گئی ہے جبکہ علی عمران کی گمشدگی سے متعلق پولیس چیف اور ڈی آئی جی ایسٹ  کو اگاہ کردیا گیا ہے اور ان کے لاپتہ ہونے کی درخواست سچل تھانے جمع کروادی ہے جبکہ علی عمران اپنا موبائل فون بھی گھر چھوڑ گئے.

تھانہ سچل کے ایس ایچ او ہارون کورائی کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید کے واقعہ کی درخواست موصول ہوگئی ہے، جائے وقوعہ کا معائنہ اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور شواہد اکٹھے کرکے کیس کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی.

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی عمران سید کا لاپتہ ہونا باعث تشویش ہے اور لوگوں کو لاپتا کرنا اچھی روایت نہیں.