ڈومیسٹک کرکٹ 21-2020 کے کمرشل پارٹنرز کا اعلان

222

ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 20-2019 کے کامیاب انعقاد کے بعد پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیے کمرشل پارٹنرز کواپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

کانٹیننٹل بسکٹس ، ٹپال ٹی اور اور یونی لیورنے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی کو بھی اسپانسر کرنے کا  فیصلہ کیا ہے۔ ٹپال ٹی نےتو  پاکستان کپ کو اسپانسر کرنے بھی تصدیق کردی ہےتاہم پاکستان کپ کے حوالے سے دیگر دونوں شراکت داروں سے ابھی مذاکرات جاری ہیں۔

قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے ٹائٹل اسپانسرز کے لیے پی سی بی کا شعبہ مارکیٹنگ ممکنہ پارٹنرز کے ساتھ رابطے میں ہےتاہم نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے بعد اب قائداعظم ٹرافی میں بھی ان تین کمپنیز کی شراکت داری سے پی سی بی کے اسپانسرشپ ریونیو میں گزشتہ سال کی نسبت 55 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

کوویڈ19 کی صورتحال کے باوجود ان شراکت داروں کا ڈومیسٹک سیزن کو اسپانسر کرنا ایک خوش آئندعمل  ہے ، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پی سی بی کا شعبہ مارکیٹنگ کس قدر متحرک ہے۔

احسان مانی نے کہا کہ وہ کانٹیننٹل بسکٹس، ٹپال ٹی اور یونی لیور کو خوش آمدید کہتے ہیں،کسی بھی کھیل میں کمرشل پارٹنرز کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے تاہم اس کے باوجودان کمرشل پارٹنرز کا پی سی بی پر اعتماد کرنا قابل ستائش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کی نسبت اسپانسرشپ ریونیو میں 55 فیصد اضافے پر خوشی ہوئی ہے اور انہیں اندازہ ہے کہ پی سی بی کے شعبہ کمرشل کےچند ممکنہ کمرشل پارٹنرز سے جاری معاملات آخری مراحل میں ہیں، جنہیں جلد حتمی شکل د ےدی جائے گی۔

بابرحامد کا کہناہے کہ کوویڈ19 کی وباء کے باوجود گزشتہ سال کی نسبت ہمارے اسپانسرشپ ریونیو میں 55 فیصد اضافہ ہونے پر انہیں بہت خوشی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام فینز کو یقین دلاتے ہیں کہ وہ کئی دیگرکمرشل پارٹنرز سے رابطے میں ہیں اور جلدوہ بھی پی سی بی کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کردیں گے۔