شادی کی تقریبات، بازاروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کم ہوگیا

64

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں شادی بیاہ کی تقریبات میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کم ہوگیا‘ شادی بیاہ اور سماجی تقریبات کے لیے ہال اور لان انتظامیہ کی جانب سے کورونا ایس او پیز پر عمل در آمد کے لیے کوشش کی جا رہی ہیں لیکن شہری سننے کو تیار نہیں ہیں‘ تقریبات میں شرکت کرنے والی اکثر خواتین بنائو سنگھار کے سبب ماسک نہیں پہنتیں‘ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانا اور گلے ملنا معمول بن گیا۔ علاقائی سطح پر شادی کی تقریبات میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں ہوتا۔ شادی ہال یونین کے صدر رانا رئیس کا کہنا ہے کہ ہم ایس او پیز پر عمل کرا رہے ہیں‘ حکومت بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرائے تاکہ کاروبار چلتا رہے اور شہری بیماری سے بھی محفوظ رہ سکیں۔ کراچی کے گنجان علاقوں میں گھریلو خریداری خواتین کرتی ہیں‘ ان کی اکثریت بھی ماسک استعمال نہیں کرتی‘ گنجان آبادیوں کے چھوٹے بازاروں میں سبزی، پھلوں، گوشت، دودھ اور کریانہ کی دکانوں پر بھی کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ مقامی دکاندار عدنان نے بتایا کہ کورونا کا خطرہ موجود ہے لیکن سارا دن ماسک لگانے سے سانس لینا مشکل ہوجاتا ہے‘ لوگ مہنگائی سے ویسے ہی پریشان ہیں‘ آٹا اور کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہو رہی ہیں‘ جب کھانے کو نہیں ملے گا تو کورونا کی ایس او پیز پر عمل کون کرے گا؟ دکان پر سودا لینے آنے والی خاتون شہناز خان نے بتایا کہ جو خواتین برقع اور نقاب استعمال کر رہی ہیں‘ ان کو ماسک لگانے کی ضرورت نہیں ہے‘ باقی خواتین کو چاہیے کہ وہ ماسک استعمال کریں‘حکومت بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔