کوئٹہ میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

228

کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق دھماکا ہزار گنجی میں شالکوٹ تھانے کی حدود میں ہوا۔ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے سے موٹر سائیکل اور پاس کھڑی کار میں آگ لگ گئی۔

ایک ٹوئٹر صارف کے مطابق دھماکا پی ڈی ایم جلسہ گاہ سے 20 کلو میٹر کی دوری پر ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق دھماکے سے علاقے میں خوف و حراس پھیل گیا ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے دھماکا پر پہنچ گئی ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے عمل شروع کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزار گنجی دھماکے میں کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

گزشتہ روز ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کو پی ڈی ایم کی قیادت کو سکیورٹی خدشات کے باعث جلسہ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

ترجمان نے کہا تھا کہ نیکٹا نے دہشت گردی الرٹ جاری کیا ہوا ہے، حکومت اس کو سنجیدہ لے رہی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں جلسہ ملتوی کر کے ذمہ داری کا ثبوت دیں۔