پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے آزاد بلوچستان کا بیانیہ قابل مذمت ہے، شبلی فراز

77

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کوئٹہ میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں ہونے والی باتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’آزاد بلوچستان‘‘ کے بیانیے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان (نورانی) کے رہنما شاہ اویس نورانی نے آزاد بلوچستان کا بیانیہ پیش کیا اور پی ڈی ایم جلسے میں شریک کسی بھی جماعت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں کیا جس کا مطلب ہوا کہ وہ بھی بھارت اور اسرائیل کے بیانیے پر کارفرما ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ آج پی ڈی ایم کے جلسے میں ایک شخص نے پاک فوج کو ٹارگٹ کیا ہے لیکن وہ بھول جاتے ہیں کہ یہ وہ فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں اور کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ڈی ایم کا کھیل بہت بڑا ہے، یہ اپنے ذاتی مفادات کو بچانے کے لیے کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے مجموعی طور پر 30-40 برس اقتدار سنبھالا لیکن قانون کی بالا دستی کو یقینی نہیں بنایا۔وفاقی وزیر نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے حوالے سے کہا کہ وہ کہہ رہی تھیں کہ لندن میں ادارے بہت سخت ہیں جبکہ دونوں پارٹیوں نے اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا اس لیے اداروں کو تباہ تو ہونا تھا۔انہوں نے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم جو بیانیہ تشکیل دے رہی ہے وہ دراصل ملک پر حملہ ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات ہونے چاہیے اور ضرور ہوں گے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا محور ملک کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے اور وہ ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔