پاک بحریہ کیلئے جدید ترین ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز

58

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بحریہ کیلئے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر شروع کردی گئی، ترکی تعاون سے جہاز کی تعمیر 2024 میں مکمل ہوگی، جہاز سطح آب، زیرآب اور فضامیں مار کرنے والے اسٹیٹ آف دی آرٹ سینسرز اور ہتھیاروں سے لیس ہے، جہاز سے امن وامان کو استحکام فروغ حاصل ہوگا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے لیے ترکی کے تعاون سے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔جہاز کی تعمیر کے آغاز کی تقریب گزشتہ روز کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ جس میں ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی تقریب میں شریک تھے۔تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی ترک وزیر برائے قومی دفاع ہولوسی اکار نے کہا کہ بہترین کوالٹی، کم لاگت اور انتہائی کم مدت میں اس جہاز کی تعمیر اہم کامیابی ہو گی یہ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے برادرانہ اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔