راولپنڈی (آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ترکی کے وزیر دفاع جنرل (ر) ہلوسی آ کار نے الگ الگ ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاع، سیکورٹی سے متعلق امور اور خطے میں امن و استحکام کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کے موقع پر جنرل باجوہ نے کہاکہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات اب دیرپا شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ ترک وزیر دفاع نے خطے میں امن و استحکام اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہا۔ علاوہ ازیںچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ترک وزیر دفاع کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعاون بشمول فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔