وفاقی حکومت کا ملک بھر میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کا فیصلہ

45

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک ) وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کا فیصلہ ہے۔ذرائع کے مطابق حضور ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی اور فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیرکے باعث پیدا ہونے والی صورت حال کے تناظر میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کابینہ اجلاس میں ہفتہ عشق رسولﷺ منانے کی تجویز پیش کی۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ہفتہ عشق رسول ﷺ کا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ہفتہ عشق رسول ﷺ جمعتہ المبارک سے آئندہ جمعہ 12 سے18 ربیع الاول تک جاری رہے گا۔صوبے بھی وفاقی حکومت کی ہدایت کے مطابق ہفتہ عشق رسولﷺ منائیں گے۔اس سے قبل کابینہ کے اجلاس میں فرانس کے صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات اور گستاخانہ خاکوں کی تشہیر کی کھلی حمایت کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے حضور ﷺ کی شانِ اقدس سے بڑھ کر کچھ نہیں اور اس میں کسی بھی قسم کی گستاخی برداشت نہیں کی جاسکتی، اس معاملے پر احتجاج کے لیے ہر ممکن فورم پر آواز بلند کی جائے۔ کابینہ نے اسلاموفوبیا سے متعلق او آئی سی کے پلیٹ فورم سے دنیا میں آگاہی فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔