‘اپوزیشن ارکان استعفیٰ دیں میں بھی استعفیٰ دوں گا’

321
screen grab (APP)

جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کا حصہ ہوں مگر ان کا رویہ درست نہیں ، اپوزیشن ارکان استعفیٰ دیں میں بھی ان کے ساتھ استعفیٰ دوں گا۔

قومی اسمبلی کا ایوان مچھلی بازار بن گیا، کان پڑی آواز سنائی نہ دی،ڈپٹی اسپیکر نے پیپلزپارٹی کے رکن آغارفیع اللہ کو ایوان سے باہر نکال دیا۔پیپلزپارٹی کے راجا پرویز اشرف نے ڈپٹی اسپیکر سے رولنگ واپس لینے کا کہا اور معذرت کی لیکن ڈپٹی اسپیکر نے قبول نہیں کی۔

اپوزیشن اور حکومتی ارکان ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے، شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی کے ساتھ ایوان کی کارروائی آگے بڑھائی گئی۔

تحریک انصاف کے بابر اعوان، مراد سعید اور علی محمد خان نے اظہار کیا جب کہ اپوزیشن کی جانب سے خواجہ آصف، راجا پرویز اشرف نے تقریریں کیں ، خواجہ آصف واک آؤٹ کر گئے۔

جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ اپوزیشن سے احتجاج کرتا ہوں افسوسناک سانحہ ہوا آج آپ کو شہدا کی بات کرنی چاہیے،پشاور واقعہ افسوسناک ہے حکومت کو سوچنا چاہیے ان شہدا کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ   اپوزیشن جماعتوں کو آج ایوان میں بیٹھ کر مدرسہ کے شہدا پر بات کرنی چاہیے تھی اپوزیشن صرف حاضری لگا کر نکل جاری ہے اپوزیشن ارکان استعفیٰ دیں میں بھی ان کے ساتھ استعفیٰ دوں گا، اپوزیشن کا حصہ ہوں مگر ان کا رویہ درست نہیں ، ہماری مزدوروں کی حیثیت ہے حاضری لگا کر چلے جانا اور الاؤنسز لے لینا، یہ مناسب نہیں۔