مظفر آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیر کے تنازع پر زبان بندی کر کے سفارتکاری کے میدان
میں اپنے عالمی قائدانہ کردار کے لیے کئی سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنازع کشمیر کی سنگینی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے باوجود اس عالمی ادارے نے مبہم بیانات دینے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری قتل وغارت گری، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف کھلے عام جرائم پر سلامتی کونسل اپنی خاموشی توڑ کر اس تاثر کو ختم کرے کہ وہ ظالم اور مظلوم کی اس معرکہ آرائی میں ظالم کے ساتھ کھڑی ہے۔ سردار مسعود خان نے یوم سیاہ کے حوالے سے ویبینار اور وڈیو کانفرنسز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور ممالک کے اسٹرٹیجک اور معاشی مفادات کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے باوجود بھارت کو جوابدہ نہ ٹھہرانا عالمی نظام کی ناکامی ہے۔