کورونا کیسز میں اضافہ، مزید پابندیاں لگانے کا فیصلہ

184

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں اگلے ہفتے سے مزید پابندیاں لگا سکتے ہیں.

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم عوام اور ملک کو دیکھ رہے ہیں اور اسی وجہ سے اگلے ہفتے مجبوری  میں سخت فیصلے کرنے ہوں گے.

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے باعث اگلے ہفتے ڈیٹا دیکھتے ہوئے ہم مزید پابندیاں لگاسکتے ہیں.

ڈاکٹر فیصل کا مزید کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز ماسک کا استعمال، سماجی فاصلہ اور ہاتھوں کی صفائی پر عمل کرنے سے ہی اس بیماری سے بچ سکتے ہیں.

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں اضافے کے باعث نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے گذشتہ روز کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے 11 شہروں کے لیے یہ ہدایات جاری کی ہیں، جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میرپور، پشاور اور کوئٹہ شامل ہیں۔

ان تمام شہروں میں(آج )جمعرات 29 مئی 2020ء سے این سی او سی کے فیصلے نافذ کردیے جائیں گے، حکمت عملی کے تحت آج سے شہریوں کے لیے گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا جائے گا اور رات 10 بجے تک آج سے تجارتی مراکز کو بند کرنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔

این سی او سی کی ہدایات کے مطابق پبلک پارکس سمیت دیگر تفریحی مقامات کو بھی روزانہ شام 6 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ میڈیکل اسٹورز، اسپتال کْھلے رکھنے کی اجازت ہوگی ۔

انتظامیہ کی جانب سے کورونا ہاٹ اسپاٹس کے علاقوں میں ٹیسٹنگ ، ٹریسنگ اینڈ کوارنٹین (ٹی ٹی کیو) حکمت عملی کے تحت اقدامات تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں بغیر ماسک پہنے گھر سے نکلنے والوں کو جرمانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ماسک پہنے بغیر گھر سے نکلنے والوں کیخلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔