اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے میلادالنبیﷺ کے موقع پر قیام امن کیلئے دفعہ144 کے تحت ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق میلادالنبیﷺ کے موقع پرامن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلیے وفاقی دارالحکومت میں 24 گھنٹے کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئ ہے جس کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کی حدود میں ڈرون کیمرے کے استعمال پر اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد ہوگی ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی30 اکتوبر رات 12بجکر انسٹھ منٹ تک ہوگی جبکہ ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ،گرفتاری یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔
واضح رہے انتظامیہ نے یہ فیصلہ عید میلادالنبیﷺ کے موقع پرامن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلیے کیا گیا ہے۔