پاکستان مہنگائی کا ایشین ٹائیگر بن گیا

203

ہر روز کسی نہ کسی جانب سے حکمرانوں کو مہنگائی پر توجہ دلائی جاتی ہے۔ پاکستان میں ٹائیگرز متعارف کرانے والے ٹائیگر عمران خان نے ٹائیگر فورس بھی متعارف کرا دی جو مہنگائی پر قابو پا رہی ہے لیکن یہ فورس ادارہ برائے پائیدار ترقی پر قابو نہیں پا سکی جس نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایشیا میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔ رپورٹ میں بھارت، بنگلا دیش اور پاکستان کا ذکر کیا گیا ہے جس کے مطابق بنگلا دیش میں 5.9 فیصد، بھارت میں 7.34 فیصد اور پاکستان میں 9 فیصد مہنگائی ہے۔ یہاں تک کہ چینی، پیاز اور آٹا بھی ان ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں مہنگا ہے۔ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے دعویدار حکمران پاکستان کو مہنگائی کا ایشین ٹائیگر بنا بیٹھے ہیں اور ان کے ہاتھ میں مافیاز کو نہیں چھوڑوں گا کی تسبیح ہے یہی جملہ ہر دوسرے روز دہرایا جاتا ہے۔ اب یہ بھی کہا ہے کہ مافیا اور اپوزیشن والے جیب کترے ہیں۔ یہ سب جیل میں جائیں گے۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے یہ اعلان بھی ہو رہا ہے کہ وزیراعظم جلد مہنگائی میں کمی کی خوش خبری سنائیں گے لیکن یہ پتا نہیں چلتا کہ کب ایسا ہوگا۔ یہ جیب کترے کب جیلوں میں جائیں گے۔ سابق جیب کترے حکمرانوں اور آج کل مہنگائی کے ذمے داروں کا جیل جانا ہر اعتبار سے ضروری ہے۔ ایک تو یہ کہ موجودہ بہت سے بحرانوں کے ذمے دار سابق حکمران جیل جائیں گے دوسرے یہ کہ موجودہ حکمرانوں کو بھی اپنی غلطیوں پر جیلوں کا راستہ دیکھنا پڑے گا۔