ہاکی کھیل کے فروغ کیلیے ہرممکن اقدامات کریں گے،کمشنرکراچی

80

کراچی(اے پی پی)کمشنر کراچی سہیل راجپوت نے کہا ہے کہ شہر میں قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ، دسمبر میں کمشنر کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو گا، کراچی کے تمام ضلعی ہاکی گرائونڈز کو بحال کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ہاکی ایسو سی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں اولمپین حنیف خان، ایسو سی ایشن کے صدر گلفراز خان سیکریٹری حیدر حسین اور دیگرموجود تھے۔ کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ دسمبر میں کمشنر کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو گا۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے آرگنائزنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ جلد کمشنر کراچی کے زیر صدارت اجلاس میں ہو گا،آرگنائزنگ کمیٹی میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور ہاکی ایسو سی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ ہاکی کی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے میدان بحال کرنے اور نوجوانوںکو تربیت دینے کی ضرور ت ہے۔ انہوںنے کہا کہ کراچی ہاکی ایسو سی ایشن اپنا کردار ادا کرے کراچی انتظامیہ ہر ممکنہ مدد کرے گی۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ ہاکی گراونڈ، ڈسٹرکٹ سینٹرل ہاکی گرائونڈ اور ڈسٹرکٹ ساوتھ ہاکی گرائونڈمیں جلد کھیلوں کا آغاز ہو گا۔ کمشنر کراچی نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو گرائونڈز کی مرمت اور بحالی کے احکامات جاری کردیے ۔