اپوزیشن بھارتی طیارے گرانے کی فتح کو متنازع کرنا چاہتی ہے،شبلی فراز

50

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشر یات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ اپوزیشن بھارتی طیارے گرانے کی فتح کو بھی متنازع کرنا چاہتی ہے۔سینیٹ میں اظہار خیال کے دوران ان کا کہنا تھا کہ پشاور واقعہ 19 سال دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ہے، جس اہلیت سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑی گئی قابل تحسین ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کا بڑا کردار ہے تاہم ہمیں مل کر ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والے اتنے اندھے ہو چکے ہیں کہ ملکی سیکورٹی کو داؤ پر لگادیا، ریاست کو کمزور کرنے سے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہوگا، ایسا بیانیہ نہیں دینا چاہیے جو ملک میں افراتفری پیدا کرے جب کہ پیسہ لوٹ کر باہر بیٹھے لیڈرملک کیخلاف زہر اگل رہے ہیں لہٰذا اپوزیشن ملک دشمن بیانیے سے گریز کرے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن دشمن کے ایجنڈے پر یہ حرکتیں کر رہی ہے،اپوزیشن بھارتی طیارے گرانے کی فتح کو بھی متنازع کرنا چاہتی ہے،آزاد بلوچستان کا نعرہ دشمن کا بیانیہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر سی پیک منصوبوں میں تعطل چاہتا ہے، سی پیک کو کوئی ڈی ریل نہیں کرسکتا، سی پیک اتھارٹی کو تباہ نہیں کرنے دیں گے۔