ملک بھر میں آج 12 ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر آج 12 ربیع الاول 1442ھ کو جشن میلادالنبیؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی۔
12 ربیع الاول کے موقع پر قومی رحمۃ اللعالمینؐ کانفرنس ہوگی جبکہ رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ماحولیاتی آلودگی اور ہماری ذمے داریاں سیرت النبیؐ کی روشنی میں‘‘ ہوگا، کانفرنس کے افتتاحی و اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی، صدر مملکت اور وزیراعظم ہوں گے اور ملک بھر سے مذہبی اسکالرز اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی، ملک بھر میں جلوس نکالے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام، خطیب اور مشائخ عظام جمعۃ المبارک کے خطبات میں ولادت با سعادت حضرت محمد مصطفیٰؐ پر روشنی ڈالیں گے۔ فرزندانِ اسلام کی جانب سے جشن عید میلاد النبیؐ کے شایان شان انعقاد کیلیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں اور ملک بھر میں جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے۔
یوم ولادت کے موقع پر ملک بھر میں تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت پینا فلیکس، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجایا گیا ہے۔