کوئٹہ میں موبائل سروس معطل، کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

180

کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر ایک روز کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان اور سیکیورٹی کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر ایک روز کیلئے پابندی کی گئی ہے، جس کا نوٹی فیکیشن جاری کر دیا گیا۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ بھر میں موبائل فون سروس صبح 8 سے رات 8بجے تک معطل رہے گی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق فون سروس سیکورٹی خدشات کے پیش نظر بند کی جا رہی ہے ۔

کوئٹہ میں جلوس کے روٹ کو سیل کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر پولیس اور ایف سی کے 4 ہزار سے زائد اہل کار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

شہر میں مرکزی جلوس مسجد میاں اسماعیل طوغی روڈ سے برآمد ہوگا۔ پولیس حکام کے مطابق شہر بھر سے نکلنے والے جلوس باچا خان چوک پہنچ کر مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں آج بروز جمعہ 30 اکتوبر کو حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ولادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔