ایک دن میں دنیا بھر سے کورونا کے 5 لاکھ کیسز رپورٹ

213

دنیا بھر میں پہلی مرتبہ صرف ایک دن میں کورونا وائرس کے 5 لاکھ سے زائد ریکارڈ نئے کیسز سامنے آگئے۔

عالمی سطح پر کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں پچھلے دو ہفتے سے بھی کم وقت میں تقریباً 25 فیصد کا اضافہ ہوگیا جبکہ گزشتہ ہفتے پہلی مرتبہ ایک دن میں 4 لاکھ سے زائد کیسز درج کیے ہوئے تھے۔

پچھلے چند ہفتوں کے دوران بیشتر مغربی ممالک اور لاطینی امریکا کے بعض ملکوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ امریکا کے علاوہ یورپ کے بیشتر ممالک نے وائرس پر قابو پانے کے لیے سخت ترین اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔

دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے 4.5کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 11 لاکھ 70 ہزار لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

دنیا بھر کے کیسز کے 66 فیصد اور اموات کے 76 فیصد سے زائد کا تعلق یورپ، شمالی امریکا اور لاطینی امریکا سے ہے.

اسی طرح ایشیا میں بھی گزشتہ روز تک کورونا سے متاثرین کی تعداد 1 کروڑ سے تجاوز کرگئی جو کہ دنیا میں دوسری سب سے بڑی تعداد ہے۔