عدالت کا ڈی ایس پی، ایس ایچ او کے دفاتر کی بجلی کاٹنے کا حکم

195

لاہور: ہائیکورٹ نے ماڈل ٹائون کے ایس پی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے دفاتر کی بجلی بل کی عدم ادائیگی پر بجلی کاٹنے کا حکم دے دیا.

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ٹائون کے ایس پی،ڈی ایس پی،ایس ایچ او کے دفاتر کی بجلی بل کی عدم ادائیگی کے معاملے پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا.

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے 2 صفحات پرمشتمل تحریری حکم جاری کیا، حکم نامے کے مطابق  عدالت نے ایس پی، ڈی ایس پی، ایس ایچ او کو تنخواہ جاری کرنے سے روک دیا جبکہ تحریری حکم فنانس ڈیپارٹمنٹ کو بھجوانے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں.

بل ادا کرنے کے بجائے مزید تاخیری حربے استعمال کرنے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی، ڈی ایس پی، ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن کے دفاترکی بجلی کاٹنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بل کی عدم ادائیگی تک پولیس افسران کے دفاترکی بجلی منقطع رہے گی اور بجلی کے بل کی ادائیگی تک پولیس افسران کو تنخواہ جاری نہ کی جائے.