عالم اسلام اور او آئ? س? رو?نگ?ا مسلمانو? ?? حالت زار پر رحم ??ائ??،سراج الحق

287

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ برما سے روہنگیا مسلمانوں کی بے دخلی اور اجتماعی قبروں کی دریافت مہذب دنیا کی پیشانی پر سیاہ دھبہ ہے۔ ہزاروں مسلمان پناہ کی تلاش میں سمندر میں بھٹک رہے ہیں مگر کوئی ملک انہیں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ اقوام متحدہ فوری طور پر اس مسئلے کے حل کے لیے آگے بڑھے اور میانمار کو پابند کیا جائے کہ وہ ملک بدری کا فیصلہ واپس لے اور مسلمانوں کو برما میں رہنے کی اجازت دی جائے ۔

اپنے بیان میں سراج الحق نے عالم اسلام اور او آئی سی پر بھی زور دیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر رحم کھائیں۔ اقوم متحدہ اور میانمار پر دباﺅ بڑھایا جائے کہ مسلمانوں کو برما سے بے دخل نہ کیا جائے۔ سراج الحق نے بنگلہ دیش ، ملائیشیا اور انڈونیشیا کی بے حسی پر دکھ کا اظہار کیا کہ وہ مصیبت زدہ مسلمانوں سے تعاون کرنے کے بجائے انہیں اپنی سرحدوں میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں اور سمندر کی لہروں سے جانیں بچا کر خشکی پر پہنچنے والے مہاجرین کو بندوق کی نوک پر دوبارہ سمندر میں دھکیل دیا جاتاہے ۔

سراج الحق نے عالم اسلام اور او آئی سی سے اپیل کی کہ وہ بنگلہ دیش ، انڈونیشیا اور ملائیشیا کو روہنگیا مسلمانوں کی جانیں بچانے کے لیے اس مسئلہ کے حل تک انہیں اپنے پاس پناہ دیں اور ان کو رہائش ، خوراک، لباس اور علاج کی سہولتیں دی جائیں۔ سراج الحق نے روہنگیا مسلمانوں کی حمایت اور امداد کرنے پر ترکی کے صدر اردگان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ مسلم دنیا کے دیگر حکمرانوں کو بھی اردگان کے جرات مندانہ اسلامی کردار سے سبق حاصل کرناچاہیے ۔