ن لیگ ملکی سلامتی و استحکام کیلیے خطرہ بن چکی‘ غلام سرور

61

راولپنڈی (اے پی پی)وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتوں کے اپنے مقاصد ہیں اور اس کے ٹوٹنے کے امکانات موجود ہیں، ایاز صادق کے غیر ذمے دارانہ بیان نے بھارتی میڈیا کو پاکستان کی تضحیک کا موقع فراہم کیا، ن لیگ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ بن چکی ہے، لیڈر شپ پر پابندی لگنی چاہیے ،پاک فوج ملک میں امن و استحکام کی ضامن ہے، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی، عوام کو ضروریات زندگی وافر مقدار میں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حلقہ ترقیاتی کاموں سے متعلق پاکستان کا مثالی حلقہ ہوگا، حلقے کے ہر گائوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایک بدبخت شخص 35 سال اقتدار میں رہا مگر دھرتی کا فرض ادا نہیں کر سکا اب یہ فرض ہم ادا کریں گے، تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، رنگ روڈ منصوبہ 50 ارب روپے کا میگا پروجیکٹ ہے، جو شہریوں کی تقدیر بدل دے گا، اس منصوبے سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی اور بے روزگاری ہے، ہماری ایکسپورٹ میں اضافہ ہورہا ہے، ملک دشمنوں نے جب دیکھا کہ کورونا کے باوجود ملک ترقی کر رہا ہے تو پی ڈی ایم بنا لی جو چوروں کا اتحاد ہے۔