کابل یونیورسٹی پر حملہ، کئی افراد زخمی

280

افغانستان کے دارالحکومت کابل یونیورسٹی میں مسلح افراد نے حملہ کردیا جس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں.

افغان حکام کے مطابق مسلح افراد کابل یونیورسٹی میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 6 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے.

سیکیورٹی فورسز کے مطابق طالبعلموں کا خیال رکھتے ہوئے پیش قدمی کی جارہی ہے جبکہ یونیورسٹی جانے والی تمام سڑکیں بند کردی گئی ہیں.

افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی آوازیں اس وقت آئیں جب یونیورسٹی میں افغان اور ایرانی حکام ایک کتب میلے کا افتتاح کررہے تھے تاہم یونیورسٹی کے طالب علموں اور ٹیچرز نے دیواریں پھلانگ کر اپنی جانیں بچائیں.

دوسری جانب غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان نے کابل یونیورسٹی حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی.