واٹس ایپ نے مسیجنگ کی دنیا میں نیا سنگ میل طے کرلیا

312

واٹس ایپ نے میسجنگ کی دنیا میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا، یہ اعزاز کوئی اور ایپلی کیشن حاصل نہیں کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے گزشتہ دنوں کمپنی کی سہ ماہی رپورٹ کے دوران بتایا کہ واٹس ایپ پر صارفین اب روزانہ سو ارب یا یوں کہہ لیں کہ ایک کھرب میسجز بھیج رہے ہیں۔

اگر آپ کو علم نہ ہو تو جان لیں کہ اس سے پہلے سو ارب کا ہندسہ اس ایپ نے گزشتہ سال کے آخری دن اور نئے سال کے پہلے دن یعنی نئے سال کے آغاز کے موقع پر عبور کیا تھا۔

درحقیقت اس وقت واٹس ایپ کا کسی بھی میسجنگ ایپ بشمول فیس بک میسنجر سے کوئی مقابلہ نہیں۔

فیس بک میسنجر میں روزانہ کتنے پیغامات کا تبادلہ ہوتا ہے یہ تو واضح نہیں مگر 2016 میں کمپنی نے بتایا تھا کہ فیس بک میسنجر اور واٹس ایپ اکٹھے روزانہ 60 ارب پیغامات کا تبادلہ کرتے ہیں۔

رواں سال مئی میں ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹم کک نے بتایا تھا کہ آئی میسج اور فیس بک ٹام کے استعمال میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے مگر اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئے تھے۔