پاکستان کی ویانا حملے کی مذمت،متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

204

پاکستان نے ویانا میں دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کااظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ  کے مطابق ویانا میں دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،  وسطی ویانا میں دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہیں اور متاثرین کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی ویانا دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کی جانب سے آسٹریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویانامیں دہشت گردی اورشہریوں کی ہلاکت کی اطلاعات انتہائی افسوسناک ہیں پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ویانا حملے پر ردعمل میں کہا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں امریکا آسٹریا،فرانس سمیت یورپ کےساتھ کھڑا ہے،بے گناہ لوگوں کے خلاف دہشت گرد حملوں کو روکنا چاہیے۔