کپاس کی عدم دستیابی برآمدی آرڈرز کی بروقت تکمیل خطرے میں

129

کراچی

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی ) کے صدر فیصل معز خان نے ٹیکسٹائل صنعتوں کے بنیادی پیداواری خام مال کاٹن اور کاٹن یارن کی عدم دستیابی اور قیمتوں میں حد سے زیادہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حکومت نے اگر فوری طور پر کاٹن اور کاٹن یارن پر عائد درآمدی ٹیکسز ،کسٹم اور ریگولیٹری ڈیوٹی ختم نہ کی تو برآمدی آرڈرز کی تکمیل خطرے میں پڑ جائے گی جس سے برآمدکنندگان کو غیر ملکی آرڈز منسوخ ہونے کی صورت میں خطیر مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔فیصل معز خان نے وزیراعظم عمران خان،مشیر برائے تجارت وسرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد،وزیر برائے پلاننگ وڈیولپمنٹ اسد عمر اور وزیرصنعت وپیداوار حماد اظہر سے اپیل میں کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کی تباہ کاریوں کی اثرات بتدریج کم ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو اپرل اور ہوم ٹیکسٹائل مصنوعات کے بڑی تعداد میںبرآمدی آرڈرز ملنا شروع ہوگئے ہیں تاہم پاکستان میں کاٹن کی فصل خراب ہونے، پیداواری طلب کے مطابق عدم دستیابی اور قیمتیں انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے صنعتی پیداواری سرگرمیاں رکاوٹ کا شکار ہورہی ہیں جس کی وجہ سے برآمدی صنعتوں کے لیے بروقت غیر ملکی آرڈرز کی تکمیل مشکل ہوتی جارہی ہے جس کا حکومت کو فوری نوٹس لیتے ہوئے صنعتوں کو ریلیف دینے کے اقدامات کرنا چاہئیں ۔