چینی چوری میں نام آیا تو جہانگیر ترین لندن بھاگ گیا،پرویز خٹک کی وڈیو وائرل

61

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں پشتو زبان میں جلسے سے خطاب کیا جس میں انہوں نے جہانگیر ترین سے متعلق گفتگو کی جس کی وڈیو وائرل ہوگئی۔ پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ جہا نگیرترین کا نام چینی چوری میں آیا تو بھاگ کر لندن چلاگیا اور جہانگیر ترین جیسے لوگوں نے ہمارے ملک کی ہر چیزبیچ دی۔ واضح رہے کہ ملک میں چینی بحران سے متعلق انکوائری کمیشن اور مسابقتی کمیشن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ شوگر مافیا ناجائز منافع خوری میں ملوث ہے اور جہانگیر ترین کے جے ڈبلیو گروپ کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ چینی بحران کے حوالے سے انکوائری کمیشن نے جہانگیر ترین کو طلب بھی کیا تھا لیکن وہ گزشتہ چند ماہ سے بیرون ملک موجود ہونے کے باعث کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔