کراچی ماسٹر پلان پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے، عبید سلیم پٹیل

128

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ کراچی تبدیلی منصوبے کو کراچی کے لئے طویل مدتی وژن کا حصہ بننے کی ضرورت ہے۔ فیڈریشن آ ف پا کستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے شہری ترقی نے ”کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی روشنی میں کراچی کی شہری انتظامیہ اور ترقیاتی چیلنجوں کے عنوان سے ایک سیمینارکا انعقاد کیا۔ شہری ترقی قائمہ کمیٹی کے کنوینر عبید سلیم پٹیل نے کراچی کو فوری امدادکے لیے 1100ارب روپے کراچی پیکیج کے تحت لانے پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کا شکریہ اد ا کیا اور اس پر عملدرآمد کے لیے افواج پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ تا ہم انہوں نے بتایا کہ تخمینوں کے مطابق سال 2025 تک پاکستان کی تقریبا 50فیصد آبادی شہروں میں رہنے کی توقع کی جا تی ہے، اسی وجہ سے اس کے ماسٹر پلان پر فوری طور پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے، جس کے لیے کے ٹی پی اور کراچی کے بڑھتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کی ضروریات کے طویل مدتی استحکام کے لیے متعلقہ اعداد و شما ر اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی پی کے کچھ منصوبوں کا تصور 2000 کے وسط میں کیا گیا تھا اور اس وقت سے کراچی میں سالانہ3.5 فیصد اضافہ ہواہے، جس کی وجہ سے طویل مدتی حل اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔