بلوچستان اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامی ہے ،امان اللہ

53

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ صوبہ بلوچستان نہ صرف اپنے محل وقوع کے اعتبار سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے بلکہ یہاں کے باشندے بھی نہایت ملنسار اور باصلاحیت ہیں،گورنر یاسین زئی نے کہا کہ شاندار میگا پروجیکٹ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے پیش نظر ہمیں صوبے میں فنی وتکنیکی اداروں کی فعالیت اور اپنی نئی نسل کو جدید مہارتیں سکھانے پر بھرپور توجہ مرکوز رکھنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں وزیراعظم آفس بورڈ آف انویسٹمنٹ اسلام آباد کے ایکٹنگ سیکرٹری مکرم جاہ کی قیادت میں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے بہترین محل وقوع اور قیمتی وسائل و معدنیات ہی ہمارے روشن مستقبل کیلیے مؤثر اور معتبر وسیلہ ہے یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ قومی اور عالمی سرمایہ کار ان دستیاب مواقعوں سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتیں سکھانے، نت نئی ٹیکنالوجی سے واقفیت پیدا کرنے اور فنی و تیکنیکی اداروں کے تربیتی مراکز قائم کرنے میں وفاقی حکومت ہماری بھرپور مدد کر سکتی ہے ۔گورنریاسین زئی نے کہا کہ بلوچستان کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں اعلیٰ پائے کے ماہرین ومحقیقین موجود ہیںضرورت اس امر کی ہے کہ اُن کے علم وتجربے سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ وہ ملک و صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔