اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت پاکستان میں صحت کے شعبے کی بہتری کیلیے آئندہ 5 سال کے لیے 886 ملین ڈالر کی خطیر رقم خرچ کرے گا۔ اس کے لیے ڈبلیو ایچ او اور وزارت صحت کے مابین کنٹری کوآپریشن اسٹریٹیجیز 2020-2025ء پر دستخط ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے اعلامیے کے مطابق حکمت عملی میں ایڈوانس یونیورسل ہیلتھ کوریج، ہیلتھ ایمرجنسی اور صحت مند آبادی کے سیکٹرز کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا گیا ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ڈبلیو ایچ او کی پاکستان کے لیے شعبہ صحت میں معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے شعبہ صحت کی بہتری میں عالمی ادارہ صحت کادیرپا عزم قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمت عملی کے تحت پاکستان اور عالمی ادارہ صحت کے مابین شعبہ صحت کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کوویڈ۔19 پر قابو پانے سمیت دیگر ایمرجنسی و اصلاحاتی پروگرامز کے نفاذ میں ڈبلیو ایچ او کا اہم کردار ہے۔اس مو قع پر ڈبلیو ایچ او پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ماہی پالا نے کہا کہ پاکستان کے ہیلتھ و ڈیولپمنٹ شعبوں میں تحقیق کے بعد ڈبلیو ایچ او کی جانب سے سی سی ایس کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈبلیو ایچ او کی جانب سے شعبہ صحت میں بہتری کے لیے متعارف کردہ نئی اصلاحات بھی حکمت عملی کا حصہ بنائی جائیں گی۔