بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے دیرینہ دوست اور ہمسایہ ملک چین نے گلگت بلتستان کی عارضی صوبائی حیثیت کے حوالے سے بھارتی بیان کو مسترد کر دیا ہے۔چین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں اور دوطرفہ معاہدوں کے مطابق پر امن طریقے سے حل کرنا چاہیے۔بیجنگ میں باقاعدہ بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ ونبنگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کا موقف بالکل واضح اور اٹل ہے۔انہوں نے گلگت بلتستان کی عارضی صوبائی حیثیت کے حوالے سے بھارتی بیان کو مسترد کر دیا۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے جائز حق، حق خود ارادیت
کے حصول تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی معاونت جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے سے منسلک منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وہ پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے اسلام آباد میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔انہوں نے چینی سفیر کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔چینی سفیر نونگ رونگ نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی تمام تر کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دلایا۔