وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں.
حسن ابدال ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریلوے اہمیت اس لیے رکھتی ہے کہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے اور دنیا بھر میں ٹرین سستے اور آرام دہ سفر کا ذریعہ ہے.
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی لیکن ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بارریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، ایم ایل ون خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہوگا اور معاشی ترقی میں ریلوے اہم کردارادا کرے گا جبکہ ایم ایل ون سے کراچی سے لاہور کا سفر7 گھنٹے ہوجائے گا.
وزیراعظم نے کہا کہ نئے پاکستان کے سفر میں ریلوے کا بہت اہم مقام ہے، سیاحت کو بہتر بنالیں تو کسی سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولیات دینی ہیں.
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں، نئے پاکستان میں سب مذہب کے لوگ برابر ہیں اور ہماری کوشش تھی کہ سکھ برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں.